شکارپور میں ایپکا کی جانب سے مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف قلم چھوڑ ہڑتال، احتجاجی ریلی، تیز دھوپ میں مظاہرہ اور دھرنا

128

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور میں ایپکا کی جانب سے مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف قلم چھوڑ ہڑتال، احتجاجی ریلی، تیز دھوپ میں مظاہرہ اور دھرنا، شدید نعرے بازی۔ آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ایپکا کی مرکزی کال پر گزشتہ روز شکارپور میں احتجاجی ریلی نکال کر مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیاگیا۔ اس سلسلے میں ایپکا کے مرکزی رہنما امان اللہ شاہ مشوانی اور ضلع صدر عبدالوہاب کاغذی کی قیادت میں ایجوکیشن ، ہیلتھ ، میونسپل کمیٹی ، پبلک ہیلتھ ، اسکارپ ڈرینج ، روڈس ، ہائی ویے ، پاپولیشن اور دیگر محکموں کے سیکڑوں ملازمین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھاکر سول اسپتال شکارپور سے ایک احتجاجی ریلی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں پر مظاہرکرنے کے بعد تیز دھوپ میں دھرنا دیا اور سخت نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر امان اللہ مشوانی ، عبدالوہاب کاغذی، مجاہد حسین لانگاہ، آغا بابر علی پٹھان ، شفیق شیخ، شفیق میمن، محمد اسلم شیدی، سید عباس شاہ، شوکت بلوچ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاق اور سندھ حکومت چھوٹے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہی ہیں، ہم مجبور ہوکر تیز و سخت دھوپ میں دھرنا دینے پر مجبور ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ ملازمین کو اپ گریڈ کیا جائے، تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کرکے مہنگائی کے مطابق ملازمین کی تنخواہیں دی جائیں۔ منجمد الاؤنس اور سن کوٹا بحال کیا جائے۔ مطالبات منظور نہیں ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔