شہباز شریف نے ملتان میں ائر یونیورسٹی کے سب کیمپس کاسنگ بنیاد رکھ دیا

144

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ملتان کے علاقے پنج فیض میں ائریونیورسٹی کے سب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ائر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ رواں برس سوا لاکھ طلبہ و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر
لیپ ٹاپ دیے جائیں گے اوراس شاندار پروگرام کا آغاز اسی ماہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایکا کر لینا چاہیے کہ ملک کی ترقی کے منصوبوں میں کوئی اختلاف نہیں کریں گے کیونکہ اس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگریاں ایوارڈ کرنے کا نام نہیں بلکہ ہم نے اپنے نوجوانوں میں ملک وقوم کی خدمت کا جذبہ بھی پیدا کرنا ہے۔ انہیں 100فیصد اپنے پاؤں پرکھڑا کرنا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اب تک پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں 184یونیورسٹیاں قائم ہوچکی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے عام کوچ میں سفر کرکے بغیر پروٹوکول کے مجوزہ توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا۔ڈی جی سول ایوی ایشن نے علامہ اقبال ائرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے اہم امورکے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا مجوزہ توسیعی منصوبے کیلیے گرین بیلٹ کی اراضی کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنانے کی ہد ایت کرتے ہوئے کہ کار پار کنگ کے منصوبے کیلیے زیادہ سے زیادہ انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے آپشن کا جائزہ لیا جائے۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ سے سوڈان میں باغیوں کے ہاتھوں اغوا کے بعد بازیاب کرائے جانیوالے سندھ کے انجینئر ایاز جمالی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے ایاز جمالی کو رہائی اور بحفاظت وطن واپسی پر مبارکباد دی اورکہا کہ مجھے آپکی رہائی پر بے حد خوشی ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ طارق فاطمی، سوڈان میں پاکستان کے سفیر ، وزرات خارجہ اور پنجاب حکومت نے آپ کی محفوظ وطن واپسی کے لیے بہت کاوشیں کی ہیں۔وزیراعلیٰ نے ایاز جمالی کی رہائی کے لیے کوششیں کرنے پر اپنے اسپیشل سیکرٹری برائے امن امان اور ڈپٹی سیکرٹری عملدرآمد کا شکریہ ادا کیا۔ایاز جمالی نے رہائی کے لیے کوششیں کرنے پروزیراعلیٰ کاشکریہ اداکیا اورکہا کہ باغیوں نے بتایا کہ آپکے ایک صوبے کے سربراہ نے آپ کے لیے بھرپور آواز اٹھائی،مجھے یقین تھا کہ وہ قابل احترام شخصیت شہبازشریف ہیں۔