حیدرآباد ( نمائندہ جسارت) کوٹری محلہ بھٹائی نگر ضلع جامشورو کی رہائشی بوڑھی خاتون بلقیس نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سہیل راجپوت سے اپیل کی ہے کہ ان کی تین معذور بیٹیوں کا علاج بیرون ملک کرانے اورماہانہ کفالت کے احکامات دیں، سینئرصوبائی وزیر نثاراحمد کھوڑو نے مدد کی یقین دہانی کرائی تھی مگر کوئی عملی کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، معذوربچوں سمیت پورا خاندان فاقہ کشی پرمجبور ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع جامشورو کوٹری محلہ بھٹائی نگر کی رہائشی بوڑھی خاتون ڈویژنل کمشنر سہیل راجپوت کے دفتر کے احاطے میں میڈیاکے نمائندوں کو بتایاکہ وہ اپنی تین معذور بیٹیوں رشیداں ، انیلا اور سیماکے بیرون ملک علاج کے سلسلے میں مدد کے لیے دردرکی ٹھوکریں کھارہی ہے اوراب ڈویژنل کمشنر کے پاس مدد کی امید لے کرآئی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ تینوں بیٹیاں ذہنی اورجسمانی طور پرمعذور ہیں ا ور شدید مالی بحران کی وجہ سے فاقہ کشی پرمجبور ہیں، سینئر صوبائی وزیرنثاراحمد کھوڑونے مدد کی یقین دہانی کرائی تھی مگر کوئی عملی اقدامات نہیں کیے،سابق ڈپٹی کمشنر جامشوروآغاشاہ نواز بابر نے انہیں ایک دو کمرے کا مکان دیا تھا،جس میں 5ماہ بعد زمین سے پانی نکلنا شروع ہوگیا اوروہ رہائش کے قابل نہیں ہے ۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنرسہیل راجپوت ، ڈپٹی کمشنر جامشورو سمیت مخیرحضرات سے اپیل کی کہ ان کی بیٹیوں کے بیرون ملک علاج میں مدد اورماہانہ کفالت کریں۔