وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی2017ء ، نئی ہاؤسنگ پالیسی ، گیس کنکشن پر عائد پابندی کو ہٹانے اور صحت کے بارکوڈ نظام سمیت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری دیدی

150

اسلام آباد (اے پی پی+آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی2017ء ، نئی ہاؤسنگ پالیسی ، گیس کنکشن پر عائد پابندی کو ہٹانے اور صحت کے بارکوڈ نظام سمیت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری دیدی
جبکہ رہائشی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ وضع کرنے کے لیے کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کردی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیرا عظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔وزیر اعظم نے حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ انہوں نے گزشتہ سال بہتر حج انتظامات پر وزارت مذہبی امور کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حج اخراجات کا ازسرنو جائزہ لینے اور نظر ثانی شدہ اخراجات آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ہاؤسنگ کے شعبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت رہائشی سہولیات کے حوالے سے غریب طبقے کو سہولت فراہم کرنے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کی وجہ سے شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے لہٰذا ہمیں ملک بھرمیں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ کابینہ نے وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کردی جو 10روز کے اندر تفصیلی منصوبہ وضع کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ ذیلی کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیر منصوبہ بندی، وزیر ریلوے، وزیر سیفران، وزیر اعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ ، اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کے نمائندے شامل ہوں گے۔کابینہ نے توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کی سفارش پر گیس کنکشنوں پر عائد پابندی اٹھانے اور گیس کی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی ، کابینہ نے قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشن اور کوآرڈینیشن ڈویژن کی طرف سے مجوزہ بارکوڈنگ قواعد کی بھی منظوری دی ۔ کابینہ نے پاکستان کے محکمہ موسمیات اور سلطان قابوس یونیورسٹی عمان کے درمیان سونامی پیشگی اطلاعی نظام کے حوالے سے تکنیکی تعاون ، پاکستان محکمہ موسمیات اور فرانس کے محکمہ موسمیات کے درمیان موسمیاتی شعبے میں تعاون کی منظوری دی ۔ کابینہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور جنیوا سینٹر فار سیکورٹی پالیسی سوئٹزر لینڈ کے درمیان تحقیق اور معاون سرگرمیوں کے شعبے میں اسٹیٹمنٹ آف انٹینٹ پردستخط،کینیا اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے بارے میں ایم او یو کے مسودے ، جمہوریہ چیک کی وزارت دفاع اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان دفاعی صنعت اور لاجسٹک کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایم او یو کے مسودے، پاکستان اور کیوبا کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنا، وزارت داخلہ اور ناروے کی وزارت انصاف و پبلک سیکورٹی کے درمیان انسداد جرائم کے شعبے میں تعاون ،پاکستان اور اردن کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثناپر بات چیت اور پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنا کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دی۔ قومی احتساب بیورو اور چین کی وزارت برائے نگرانی کے درمیان انسداد بدعنوانی کے شعبے میں تعاون کو تقویت دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کی بھی توثیق کی گئی ۔ کابینہ نے تھائی لینڈ کے ساتھ زرعی تعاون کے بارے میں کاؤنٹر ڈرافٹ ایم او یو ، رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے درمیان منشیات سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لیے نظام وضع کرنے کے بارے میں تعاون کی یادداشت پر بات چیت کے آغاز کی اصولی منظوری دی ۔کابینہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان صحت و طب کے شعبے میں ایم او یو ، ہیلتھ سروسز ، میڈیکل ایجوکیشن ، ریسرچ ، ڈرگ اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے ایران اور پاکستان کے درمیان ایم اویو پر دستخط کی توثیق کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کل بھوشن سے تحقیقات کے دوران کیا کیا ثبوت ملے ہیں انٹرنیشنل فورمز کو آگاہ کیا جائے گا ، ، قومی مفاد پر کوئی بھی سمجھوتا قابل قبول نہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں کل بھوشن کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، جب بات قومی مفاد کی ہو تو کسی بھی ملک کی طرف سے کسی قسم کی دھمکی قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ سسٹم میں ایل این جی اور آر ایل این جی شامل کی گئی ہے۔ ڈھائی سال سے صنعتوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر ہے، اسلام آبا د، لاہور اور کراچی ائرپورٹ کی دیکھ بھال اورانتظام نجی اداروں کو دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ہاؤسنگ اسکیموں میں اولین ترجیح دینے کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے ،گیس کنکشن پر پابندی کے خاتمے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ، وزیراعظم کی ہدایت پر حج کوٹہ اخراجات میں مزید کمی کی جائے گی ، حاجیوں کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی بہتر کیا گیا ہے ، ادویات کی پیکنگ پر بار کوڈ کے نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ بار کوڈ سے جعلی اور زائد المعیاد ادویات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات میں مزید کمی کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کی جانب سے پی آئی اے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ حج کرایوں میں اضافہ نہ کیاجائے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کے 21 سمجھوتوں کی منظوری دی گئی ہے ۔