کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک کالونی پولیس نے علاقے میں قائم منشیات کے اڈوں کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاؤن کے نام پر منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ منشیات فروش موقع سے فرار ہوگئے ،علاقہ مکینوں کے مطابق منشیات فروشوں کو کارروائی کی قبل ازوقت اطلاع دے دی گئی تھی،پولیس نے 7اڈوں کو مسمار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ْ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پو لیس نے علاقے میں موجود منشیات کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نام پر بدھ کی صبح پرانا گولیمار ،ریکسر پل اور نیو لیاری ایکسپریس وے کے اطراف کے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور منشیات فروشو ں کی تلاش شروع کردی تاہم کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں کوئی بھی منشیات کا بڑا ڈیلر یا کارندہ پولیس کے ہاتھ نہیں آسکا ،ایس
ایچ او عبداللہ بھٹوکے مطابق کارروائی کے دوران 2خواتین منشیات فروش سمیت نشے کے عادی متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کارروائی میں منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ پاک کالو نی میں منشیات کے بڑے ڈیلر ریاست نے لیاری ایکسپریس وے سے متصل زمین پر قبضہ کر کے 7گھر بنائے ہو ئے تھے جہاں سے منشیات فروخت کی جاتی تھی لیکن کارروائی سے قبل ملزمان منشیات سمیت فرار ہو گئے اور پولیس نے 7گھروں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا ہے۔دوسری طرف علاقہ مکینوں کادعویٰ ہے کہ پاک کالونی پولیس کی جانب سے آئے روز منشیات فروشوں کے اڈوں پر چھاپوں اور ان کی گرفتاری کے دعوے کیے جاتے ہیں جب کہ صورتحال اس کے برعکس ہے، پولیس کی جانب سے علاقے میں آنے سے قبل منشیات فروشوں کو اطلاع دے دی جاتی ہے اور وہ وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔ پولیس علاقہ مکینوں اور کچھ منشیات پینے والے افراد کوپکڑ لیتی ہے جن سے بھاری رقم کی وصولی کے بعدچھوڑا جاتاہے۔