حیدرآباد ( نمائندہ جسارت) سندھ کی قوم پرست جماعت سندھ نیشنل تحریک نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کی سزائے موت کا خیر مقدم کردیا، کل بھوشن کی موت کی سزا سے خطے میں امن کا نیا دور شروع ہوگا، بھارتی جاسوس کل بھوشن کی طرح کراچی اور بلوچستان سے پکڑے گئے ’’را‘‘ کے تمام دہشت گردوں اور ایجنٹوں کو سر عام پھانسیوں پر لٹکایا جائے۔یہ بات سندھ نیشنل تحریک کے چیئرمین اشرف نوناری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کیخلاف اپنی دھرتی کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کے ذریعے غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں کی ہیں، پاکستان نے ہندوستان کی دہشت گردی کے کئی ثبوت سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کو پیش کیے مگر پھر بھی ہندوستان اپنی دہشت گردی سے باز نہیں آیا، بلوچستان سے بھارت کا حاضر سروس فوجی افسر کل بھوشن یادیو کی گرفتاری ان کے انکشافات بھارتی دہشت گردی کے واضح ثبوت ہیں جس کی بنیاد پر اقوام متحدہ کو چاہیے تھا کہ وہ ہندوستان کو دہشت گرد ملک قرار دیتا مگر ایسا نہیں ہوا جس سے ہندوستان نے کشمیر اور ملک کے اندر مزید دہشت گرد کارروائیاں کی ہیں، کل بھوشن کی سزائے موت سے نہ صرف خطے میں امن قائم ہوگا بلکہ کل بھوشن کی سزا ہندوستانی دہشت گردوں اور ملک میں موجود ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو واضح پیغام ہے کہ اب ملک دشمن دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں نہیں بخشا جائے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ اور دنیا کے تمام امن پسند ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے دہشت گردوں کو سزائیں دلانے کیلیے اپنا کردار ادا کریں اور ہندوستانی دہشت گرد کل بھوشن یادیو کو سنائی جانے والی سزا کی حمایت کریں تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست ہوسکے۔