کھلاڑیوں کے مفاد کیلیے مل کر کام کرناہوگا‘سردار محمد بخش مہر

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کھلاڑیوں کے مفاد کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا،کھیلوں کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹک ہولڈرز اپنے باہمی اختلافات بھلاکر اپنی تمام تر توجہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود پر مرتکز کردیں۔ گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اسپورٹس سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے معروف قانون دان اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائی کورٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کلیم اعوان کے توجہ دلانے پر کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ کوئی سائیکلسٹ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔ عابد علی ایڈووکیٹ اور کلیم اعوان نے وزیر اسپورٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اسپورٹس کے دل میں کھلاڑیوں کے لئے جو پیار و محبت ہے وہ کھلاڑیوں کے لئے سرمایہ افتخار ہے۔
دریں اثناء کراچی ڈویژن سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر میجر (ر) عشرت خان اور جنرل سیکریٹری محمد اکرم بلوچ نے کہا کہ گھوٹکی سے کراچی تک ہونے والی ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس کا کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور لانڈھی سے مزار قائد تک سائیکلسٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔