کے الیکٹرک کراچی کو پانی کی فراہمی میں رکاوٹ بن گئی

160

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ ہاشم رضا زید ی نے کے الیکٹرک کوفراہمی آب میں تعطل کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے واٹربورڈ کے سب سے اہم دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر برقی رو ( وولٹیج) میں کمی بیشی سے واٹربورڈ کے 22 میں سے 2 پمپ ناکارہ ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کو جلنے سے بچانے کے لیے وقتاً فوقتاً بند کرنا پڑ رہا ہے ‘بجلی کی فراہمی میں اس تعطل کی وجہ سے
کراچی کو فراہمی آب میں دقت پیش آرہی ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑرہا ہے‘ اس ضمن میں کئی بار کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جاچکا ہے تاہم کوئی بہتری نہیںآئی ہے‘ واٹربورڈ کی پہلی ترجیح شہریوں کوصاف و شفاف پانی کی بلاتعطل فراہمی ہے‘ اس میں کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ وہ اپنے دفتر میں پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے۔خرم شیر زمان نے اس موقع پر شہر کراچی بالخصوص اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کے مسائل سے ایم ڈی واٹربورڈ کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کلفٹن ہجرت کالونی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بدبودار پانی کی بھی شکایات مل رہی ہیں۔ایم ڈی واٹربورڈ نے موقع پر موجود سپرنٹنڈنگ انجینئر صدر و کلفٹن آفتاب چانڈیو اور ایس ای ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان شکایات کا ازلہ کریں۔