کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اشفاق احمد لغاری کی بازیابی سے متعلق دائر کردہ آئینی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل،ایڈووکیٹ جنرل اور ہوم سیکرٹری سندھ و دیگر کو 20اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے اشفاق لغاری کی بازیابی سے متعلق مسماۃ یسریٰ زینب کی جانب سے دائر
کردہ آئینی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست میں ہوم سیکرٹری سندھ اور ڈی جی رینجرزکو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ا س کے والد اشفاق احمد لغاری 3اپریل 2017ء کوحیدرآباد گئے تھے جہاں سے ان کے والد کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے لیے لاڑکانہ جانا تھا تاہم بعدازاں اس کے والد لاپتا ہوگئے جبکہ ان کے والد کی جیپ کوئٹہ دربار ہوٹل جو گڈاپ ٹاؤن تھانے کی حدود میں ہے وہاں سے ملی تھی جس کے بعد اس کے والد کے دوستوں کے مشورے پر متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، والد کی سوشل ویب سائٹ راولپنڈی سے استعمال کی جارہی ہے ،والد کا راولپنڈی میں کوئی کاروبار نہیں ہے اور خدشہ ہے کہ اس کے والد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرلیا ہے لہٰذا استدعا ہے کہ اس کے والد کو بازیاب کر ایا جائے۔