انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان کی 8ویں پوزیشن برقرار ہے

67

لاہور (جسارت نیوز )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان کی 8ویں پوزیشن برقرار ہے ،ورلڈ کپ 2019 کے لئے میزبا ن انگلینڈ کے ساتھ رینکنگ میں ٹاپ7 پر موجود دیگر ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جس کا فیصلہ30 ستمبر کو ہوگا۔پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں2 ایک کی فتح کے بعد پاکستان کے ایک پوائنٹ میں اضافہ ضرور ہوا لیکن رینکنگ میں 8ویں پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے پوائنٹس 90 ہو گئے جبکہ ویسٹ انڈیز 83 پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر ہے۔جنوبی افریقا کی پہلی پوزیشن ہے، آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کا چوتھا نمبر ہے،انگلینڈ5ویں، سری لنکاچھٹی اوربنگلایش7ویں پوزیشن پر ہے۔ورلڈ کپ 2019 میں8 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جس کا فیصلہ30 ستمبر کو ہوگا، باقی ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔پاکستان اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہو جاتا تو وہ 92 پوائنٹس کے ساتھ بنگلا دیش کی جگہ 7ویں پوزیشن پر آتے ہوئے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کے ہدف کے بہت قریب پہنچ سکتا تھا۔ اب پاکستان کے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا دارومدار یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی پر ہو گا۔واضح رہے کہ 30 ستمبر تک میزبان انگلینڈ کے علاوہ ٹاپ 7 ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیں گی۔ باقی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد ہی ورلڈ کپ میں شامل ہو سکیں گی۔بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم ہی ٹاپ10 میں شامل ہیں جو ایک درجہ ترقی کے ساتھ9ویں سے8ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ولئیرز پہلے ،آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر دوسرے اور بھارت کے ویراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔بولرز میں عمران طاہر کی پہلی پوزیشن ہے ۔