اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے طلبہ کو خصوصی اسکالر شپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ ای سی کے زیر اہتمام ہر سال20 طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے اس کے علاوہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کے لیے وظائف بھی دیے جائیں گے‘وکلا برادری جلد انصاف کی فراہمی کیلیے اپنا کردار اد ا کرے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں ینگ لائرز بلوچستان کے وفد سے ملاقات
کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے تحت بلوچستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دی جائیں گی‘ گوادر میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے منصوبوں پر کام جاری ہے‘ بلوچستان کا مستقبل تابناک ہے ‘ یہ صوبہ بہت ترقی کرے گا‘ قوم بدعنوانی سے چھٹکارے کے لیے اُٹھ کھڑی ہوئی ہے‘ ملک کو نقصان پہنچانے والا ہر فرد قانون کی گرفت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے نوجوان قائدانہ کردار ادا کریں‘ بدعنوانی کی وجہ سے بلوچستان سمیت پورے ملک کو نقصان پہنچا لیکن اب پوری قوم اس لعنت سے چھٹکارے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک میں بدعنوانی کے راستے بند کر دیے گئے‘ اس کے بعد اب قومی ترقی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا‘ ملک کو نقصان پہنچانے والا ہر فرد گرفت میں آئے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وکلا برادری عدل وانصاف کا اہم جزو ہے‘ وکلا برادری عام آدمی کو سستا اور جلد انصاف پہنچانے کے لیے اپنا کردار اد ا کرے۔