جماعت اسلامی کی جانب سے ایسٹر پر مسیحی برادری میں راشن تقسیم

74

کراچی (اسٹا ف رپورٹر ) جماعت اسلامی کراچی کے منارٹی ونگ کی جانب سے مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر ڈے کے موقع پر مسیحی برادری میں راشن کی تقسیم کے لیے ادارہ نور حق میں ایک
تقریب منعقد کی گئی جس میں تقریباََ 800 افراد کو راشن کے تھیلے دیے گئے۔ تقریب میں مسیحی برادری کے مرد و خواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔تقریب سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیرو نگراں منارٹی ونگ جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز ، منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مظفر احمد ہاشمی ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،منارٹی ونگ کے سیکرٹری پرویز برکت ،ہندو کونسل کے آتم پرکاش ، سکھ برادری کے سردار ہیرا سنگھ ،سسٹر نسرین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے مسیحی برادری کو ایسٹر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ملک بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل اور علاقے و مذہب ،دیانت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہی ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک کے اندر مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی افراد کے حقوق اور تحفظ کے لیے کوشش کی ہے اور باہمی رواداری کی مثالیں قائم کی ہیں۔اسلام نے تمام اقلیتوں کو پورے حقوق اور تحفظ دیے ہیں۔ اسلام ہی اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کا ضامن ہے۔ اسلام امن ،محبت اور اخوت کا دین ہے اور امن و محبت ہی جماعت اسلامی کی دعوت ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ملک بھر میں کرپشن کے خلاف اورعوامی مسائل کے حل کی جدوجہد کررہی ہے۔ بدقسمتی سے حکمرانوں نے غریب عوام کی خدمت کے بجائے ان کو لوٹا ہے اور ملک میں غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیا ہے ، جماعت اسلامی کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام نے سب سے زیادہ تحفظ اور حقوق اقلیتی برادریوں کودیے ہیں ، تاریخ میں جب بھی مسلمانوں کی حکومت رہی ،اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ فراہم کیا گیا لیکن آج شر پسند عناصر اور اسلام دشمن لابیز اسلام کو بدنام کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں اور اقلیتوں کو خوف زدہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسی جماعت ہے جو انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے اور اسی جذبے سے مسیحی برادری کے ایسٹر ڈے کے موقع پر غریب طبقے سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شریک ہے۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو بلا امتیاز بغیر کسی مذہب پرستی کے انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت پر یقین رکھتی ہے ، جماعت اسلامی نے اس شہر کی بے مثال خدمت کی ہے لیکن آج موجودہ بلدیاتی حکومت اختیارات کا رونا رو ررہی ہے اور عوام کے مسائل حل نہیں کیے جارہے ہیں۔ کراچی کے عوام کا استیصال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے تحریک کا آغاز کیا ہے جس میں کے الیکٹرک کا مسئلہ سر فہرست ہے۔ کے الیکٹرک ایک مافیا کی صورت اختیار کرگیا جس میں اسے حکمران طبقے کی سرپرستی حاصل ہے ایسی صورتحال میں ہم سب کو مل کر ان مافیاؤں سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور کراچی کے عوام کے مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔