فلسطینی اور آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے

54

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی اور آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی جنگوں کے دوران جنگی جرائم کے واقعات کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گزشتہ روز غزہ کی پٹی میں فلسطینی ارکان پارلیمان اور آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے ’اسکائپ‘ کے ذریعے ایک مشترکہ وڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ویڈیو کانفرنس میں آئرش پارلیمان میں ’فرینڈز آف فلسطین گروپ‘ میں شامل ارکان پارلیمان نے خطاب کیا۔ غزہ اور ڈبلن میں بیٹھے دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمان نے وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے فلسطین کی موجودہ صورت حال، غزہ کی پٹی پرمسلط کی گئی معاشی پابندیوں اور ان کے منفی اثرات، (باقی صفحہ 9 نمبر 9)
فلسطینیوں کیخلاف صہیونی ریاست کی نسل پرستانہ پالیسیوں، ظالمانہ قوانین کا نفاذ، القدس اور ارض فلسطین کے دوسرے شہروں میں غیرقانونی یہودی آباد کاری، فلسطینی املاک اور اراضی پرغاصبانہ قبضے، فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، نہتے فلسطینیوں کے خلاف قابض فوج کا روز مرہ کی بنیاد پرجاری کریک ڈاؤن اور مقدس مقامات کی مجرمانہ بے حرمتی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پارلیمانی رہنما ڈاکٹر محمود الزہار نے کہا کہ فلسطینیوں کی تحریک آزادی اور مزاحمت کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا عالمی قوانین کی توہین ہے۔ فلسطینیوں کو اپنے حقوق جن میں سر فہرست حق خود ارادیت، آزادی اور قابض دشمن کی دہشت گردی کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے آئرش ارکان پارلیمان کی طرف سے فلسطینی قوم کے اصولی مطالبات اور بنیادی حقوق کی حمایت پر آئرلینڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی اور آئرش ارکان پارلیمان نے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے آئرش ارکان پارلیمان کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے فلسطینی قوم کی قربانیوں اور آزادیوں کے لیے جاری جدو جہد کو آئینی تسلیم کرکے مظلوم فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ وڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی رکن پارلیمان محمد فرج الغول نے اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف قابض فوج کے 1100 جنگی جرائم ریکارڈ پر موجود ہیں۔
فلسطینی ؍ آئرش رہنما