قومی احتساب بیورو (نیب)کے ایگزیکٹوبورڈ نے 2کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دیدی

160

اسلام آباد(آئی این پی)قومی احتساب بیورو (نیب)کے ایگزیکٹوبورڈ نے 2کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دیدی، جبکہ مختلف کرپشن شکایات پر 4انکوائریاں شروع کرنے کافیصلہ کیاہے،تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرایا جائیگا،چیئرمین نیب قمرالزماں چودھری نے نیب کے تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ
شکایات کی تصدیق، انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔بدھ کو نیب ایگزیکٹوبورڈ کااجلاس چیئرمین قمرالزماں چودھری کی زیرصدارت ہوا نیب بورڈ نے 2کرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دی پہلا ریفرنس یونیورسٹی آف پشاور کے سابق وائس چانسلر عظمت حیات خا ن اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائیگا اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے مہنگے نرخوں اراضی کی خریداری کاالزام ہے جس کے ذریعے قومی خزانے کو 62.38 ملین روپے کانقصان پہنچایا گیا دوسرا کرپشن ریفرنس بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمد اشرف مگسی اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائے گا ،اس کیس میں ملزمان نے اختیارات کاغلط استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے اپنے رشتے داروں کو مختلف عہدوں پربھرتی کیا۔ نیب بورڈ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسروں کی طرف سے پی سی ون اور پی سی ٹو کی منظوری کے بغیر 2ارب 60 کروڑ روپے کی مشینری خریدنے پرتحقیقات کی منظوری دی ہے۔نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر 4مختلف انکوائریوں کی منظوری دی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق ملازم عبدالعزیز اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزما ن نے دھوکا دہی سے یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹوں کے نام پر عوام سے پیسے اکٹھے کیے۔علی خان، آصف علی گوہر اورعادل خان جوکھیو کیخلاف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی شکایت پرانکوائری ہوگی،بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ڈاکٹراسحاق فانی اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی،اس کیس میں ملزمان پرمبینہ طورپر غیرقانونی بھرتیوں، فنڈز میں خورد برد کے ذریعے قومی خزانے کو193ملین روپے سے زائدکا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان نے کرپشن اوراختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو 120ملین روپے سے زائد کانقصان پہنچایا۔نیب بورڈ نے گلگت بلتستان کے محکمہ ایکسائزاینڈٹیکنیشن کے افسروں کیخلاف دوبارہ تحقیقات کی منظوری دی ہے اس کیس میں ملزمان پر غیرمعیاری اسلحہ وایمونیشن محکمہ ایکسائز کو سپلائی کرنے کاانکشاف ہے ۔نیب بورڈ نے تانبے کی تلاش کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرانے کافیصلہ کیا ہے تاکہ کیس میں حقائق کاتعین کیاجاسکے۔نیب بورڈ نے شواہد کی عدم دستیابی پر زرعی ترقیاتی بینک کے سابق صدر منصورخان ،پنجاب ہائی ویزکے افسروں ،سابق ایگزیکٹوانجینئراپرجہلم گجرات اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسروں کیخلاف جاری کرپشن تحقیقات بند کردی ۔