پرائیویٹ حج آرگنائزیشن نے حکومتی حج پالیسی توہین عدالت قراردیدی

53

فیصل آباد(آن لائن) حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے مرکزی رہنما حافظ شفیق کاشف نے وفاقی کابینہ کی طرف سے حج پالیسی کی منظوری میں پرائیویٹ حج اسکیم کے کوٹے میں کمی کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کی مجوزہ پالیسی میں پرائیویٹ کوٹے میں کمی کے خلاف حکم امتناع دے رکھا ہے
اور وفاقی حکومت کو 17اپریل کا نوٹس بھی دے رکھا ہے وفاقی کابینہ کوچاہیے تھا کہ وہ عدالتی احکامات کو مدنظر رکھے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی طر ف سے اس فیصلے کا پہلے سے علم تھا لہٰذا وفاقی کابینہ کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری رکھیں گے۔ حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ وزیر مذہبی امور کے فریق بن جانے کے بعد کابینہ کو یکطرفہ فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا اور حج 2013ء میں ہوپ سے کیے گئے وعدے اور تحریری معاہدے کی جس طرح خلاف ورزی کی گئی ہے کوئی بھی پرائیویٹ ادارہ کسی معاہدے پر اعتماد نہیں کرئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گز شتہ سال بھی حکومت نے اسی طرح کے فیصلے کیے تھے جس کی وجہ سے حج آپریشن متاثرہوا۔ لہٰذا اس سال بھی اپنے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی خاطر ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔حج پالیسی میں سرکاری کوٹہ 60 فیصداور پرائیویٹ کے لیے 40فیصد کے اقدام کو مسترد کرتے ہیں ۔