پرانا گولیمار پر قبضے کی جنگ میں خونریزی کا خطرہ بڑھ گیا

110

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پرانا گولیمار پر قبضے کی جنگ میں خونریزی کا خطرہ بڑھ گیا۔ گینگ وار کے کمانڈر ساجد ڈکیت نے گینگ وار کارندوں باجوڑی شاہ سواراور گڈو کے گروہ کے لیے اسلحے کی بڑی کھیپ پہنچادی۔ جبکہ بیرون ملک بیٹھ کر ساجد شیخ بلال پپو آغا ذکری جمیل چھانگا ماجد تربتی ماجد سخی داد و دیگر کروڑوں روپے کی منشیات کی خرید وفروخت کے لیے لیاری پرانا گولیمارسمیت دیگر علاقوں میں اپنا نیٹ ورک مضبوط کررہے ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ پرانا گولیمار پر ایک بار پھر قبضے کی جنگ چھڑنے جارہی ہے جس
میں دونوں گروپوں میں خطرناک تصادم ہوگا جس کی وجہ سے پرانا گولیمار میں ایک بار پھر خونریزی بڑھ جائے گی۔ لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈراور منشیات کے سب سے بڑے ڈیلر ساجد ڈکیت نے گینگ وار کے اہم کارندوں باجوڑی شاہ سوار عرف شاہ سواری اور گڈوکے لیے اسلحے کی بڑی کھیپ منگوائی ہے جوکہ منگل کو باجوڑی اور گڈو کے سپرد کی ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اسلحہ ناٹو کنٹینروں سے چوری شدہ ہے جوکہ گینگ وار کے کارندوں کے زیراستعمال ہے اور اسلحے کی کھیپ میں جدید ہتھیار دستی بم مختلف چھوٹے بڑے اسلحے کی ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔