پنگریو کے نواح میں واقع پسماندہ یونین کونسل اولیا جرکس میں پینے اور زرعی پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے

130

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو کے نواح میں واقع پسماندہ یونین کونسل اولیا جرکس میں پینے اور زرعی پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور ہر طرف العطش العطش کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں جس پر یونین کونسل انتظامیہ نے مختلف دوردراز دیہات کے باشندوں کو ہینڈ پمپ فراہم کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ انسانی آبادی اور مویشیوں کے لیے پینے کے پانی کا انتظام ہوسکے۔ اس حوالے سے یونین کونسل کے دفتر واقع گوٹھ حاجی دین محمد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں یونین کونسل کے چیئرمین حاجی محمد اسلم کمبوہ، وائس چیئرمین رسول بخش کھوسو، سیکرٹری عبدالغفور ابڑومنتخب کونسلروں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسی چیئرمین حاجی محمد اسلم کمبوہ نے کہا کہ یونین کونسل اولیا جرکس انتہائی پسماندہ اور ایل بی اوڈی کے دور دراز ساحلی علاقوں پر مشتمل ہے۔ نہری پانی کی مسلسل بندش کے باعث پورے علاقے میں پینے کے پانی کا سنگین بحران پید اہو گیا ہے اور ہر طرف پانی پانی کی صدائیں سنائی دیتی ہیں۔ اس صورتحال میں ہم نے منتخب کونسلروں اور یونین کونسل کے معززین کے مشورے سے پانی کی شدید قلت کے شکار دیہات کی انسانی آبادی اور مویشیوں کے لیے پینے کے پانی کا انتظام کر نے کے حوالے سے ہینڈ پمپ فراہم کیے ہیں۔ ان ہینڈ پمپوں کی تنصیب سے علاقے میں پینے کے پانی کا بحران کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یونین کونسلوں کے کئی دیہات میں زیر زمین پانی کڑوا ہے جس کی وجہ سے ان دیہات میں ہینڈ پمپوں کی تنصیب زیادہ فائدہ مند نہیں ہے تاہم جن دیہات میں زیر زمین پانی میٹھا ہے، ان میں ہینڈ پمپ لگوائے جارہے ہیں تاکہ نہری پانی کی عدم دستیابی کے باعث پیدا ہونے والے پانی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جن دیہات کے باشندوں کے پاس ہینڈ پمپ نصب کرانے کے لیے بورنگ کی رقم نہیں ہے ان میں وہ اپنی جیب سے زیر زمین بورنگ کرا کر ہینڈ پمپ نصب کر رہے ہیں۔ حاجی محمد اسلم کمبوہ نے کہا کہ یونین کونسل کے تمام مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھی گئی ہے اور ہر چیز کے بارے میں کونسلروں، معززین اور ہر طبقہ فکر کے افراد کو آگاہ کیا جاتا ہے اور انہیں اعتماد میں لے کر امور سرانجام دیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر یوسی سیکرٹری عبدالغفور ابڑو نے کہا کہ یونین کونسل اولیا جرکس میں پینے کے پانی کا مسئلہ بہت گمبھیر ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے یونین کونسل کے محدود بجٹ میں رہتے ہوئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ تقریب سے منتخب کونسلروں اور معززین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر یونین کونسل کے چیئرمین حاجی محمد اسلم نے مختلف دیہات کے باشندوں میں ہینڈ پمپ تقسیم کیے۔