لاہور (نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ کل بھوشن کیسزائے موت پاکستان کی سلامتی کے قوانین کے مطابق ہے ، سزائے موت پر بھارتی حکومت ، میڈیا اور وزارت خارجہ کا واویلا چور مچائے شور کے
مترادف ہے ۔ بھارتی پالیسی ساز ہوش کے ناخن لیں اور دونوں ملکوں کے عوام کو تباہی کی طرف نہ دھکیلیں۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا۔ بھارتی جاسوس حاضر سروس فوجی اور دہشت گرد ی نیٹ ورک کا کمانڈر تھا ۔ فوج اور سول حکومت کے پاس امن دشمن اور انسانوں کے قاتل بھارتی ایجنٹ کو معافی دینے کا کوئی راستہ نہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام کے معاشی مسائل ، غربت ، بے روزگاری ، قرض اور سود کی لعنت کرپشن اور کرپٹ مافیا کی وجہ سے ہے ۔ کرپشن کا سر کچلنے سے ہی پاکستان مستحکم او ر خوشحال ہو گا ۔ عوام منتظر ہیں کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کرپشن کے خاتمے اور مؤثر احتساب کے لیے روڈ میپ دے ۔ اگر اب بھی کرپشن کے تالاب کی بڑی مچھلیاں بچ گئیں تو ملک میں کرپشن کا سونامی آئے گا اور ہر طرف تباہی مچے گی ۔ لیاقت بلوچ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ سیریز جیتنے سے پاکستانی ٹیم کو عالمی مقابلے میں براہ راست شرکت کا موقع مل گیاہے، سرفراز احمد کی قیادت میں اچھا کھیل پیش کیا گیا نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا تال میل بہت اچھا رہا۔