کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیشن ریٹیل برانڈ میں پاکستان کے سرفہرست برانڈ کھاڈی نے دبئی میں اپنے نئے اسٹور کا افتتاح کردیا، دبئی کے ڈیرہ سٹی سینٹر میں کھولے جانے والے اس اسٹور کو ملاکردنیا بھر میں کھاڈی کے کل اسٹورز کی تعداد 59ہوگئی ہے، جس میں 44اسٹورز پاکستان کے مختلف شہروں میں جبکہ باقی15اسٹورز یو اے ای اور یو کے میں موجود ہیں۔ اسٹور کے افتتاح کے موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کھاڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمعون سلطان کا کہنا تھا کہ 59ویں اسٹور کا قیام کھاڈی کی ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل کی اہمیت رکھتا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ کھاڈی پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیشن کی صنعت میں پاکستان کے اہم برانڈ کے طور پر نمائندگی کر رہاہے،شمعون سلطان کا کہنا تھا کہ کھاڈی نے مشرق اور مغرب کے روایتی انداز کو ہاتھ کی کڑائی کو جدت اور مہارت سے یکجا کرکے نئے ٹرینڈز متعارف کرائے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی فیشن انڈسٹری میں پاکستان کا نام مزید نمایاں رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔