گٹکا مافیا کی سرپرستی میں پولیس کے ملوث ہونے کا آئی جی نے نوٹس لے لیا

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی جانب سے مضر صحت گٹکے بنانے وفروخت میں ملوث افراد کی پشت پناہی کیے جانے پر تمام ضلعی ایس ایس
پیز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق مضر صحت گٹکے کی مبینہ کھلے عام فروخت اور علاقہ پولیس کی سرپرستی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے زونل ڈی آئی جیز کراچی سے گٹکا مافیا کے خلاف اب تک کی جانے والی کارروائیوں ،درج مقدمات و دیگر پر مشتمل تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مندرجات کو پیش نظر رکھ کر باقاعدہ انکوائری کی جائے اور اگر کسی بھی حوالے سے گٹکا مافیا کی سرپرستی میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کی کوئی رپورٹ ملتی ہے تو فوری طور پر ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ تھانوں کی حدود میں مضر صحت گٹکے کی فروخت کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام ایس ایچ اوز کو پابند کیا جائے بصورت دیگر سخت انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔