***۔۔۔۔۔۔ رحیم یار خان ۔۔۔۔۔۔***

86

رحیم یارخان(نمائندہ جسار ت)شعبہ صحافت سے وابستہ افراداور ریلوے کارڈ ہولڈرز کی بیویوں کو اکیلے سفر کرنے پر بھی 50 فیصد رعایت دینے کا حکم، چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلوے نے احکامات جاری کر دئیے۔ محکمہ ریلوے میں ٹکٹنگ نظام کمپیوٹرائزڈہونے کے بعدریلوے کارڈ ہولڈر صحافیوں کی بیویوں کو اپنے صحافی شوہر کے ساتھ سفر کرنے کے دوران 50 فیصد رعایت دینے سے مشروط کر دیا گیا تھا۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز پاکستان ریلوے کی طرف سے مذکورہ معاملہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے محمدجاوید انور بوبک کے نوٹس میں دیا گیا جس پر سی ای او ریلویز محمدجاوید انور نے صحافیوں کی بیویوں کو اکیلے سفر کرنے پر بھی 50 فیصد رعایت دینے کا حکم دے دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سی ای او ریلویز کی جانب سے باقاعدہ طور پر احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں**دنیا بھر کی طرح پاکستان سمیت رحیم یارخان میں بھی مسیحی برادری کل(14 اپریل ) گڈ فرائیڈے منائے گی۔ اس سلسلہ میں مسیحی برادری کی جانب سے گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی**پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے چلڈرن وارڈز میں تھیلیسیمیا سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ صوبائی حکومت نے پنجاب بھر کے ڈی ایچ کیوز ہسپتالوں کے چلڈرن وارڈز میں تھیلی سیمیا سنٹرزقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،تھیلی سیمیا سنٹرز میں بیماری کی بروقت تشخیص اور علام و معالجہ کا بندوبست موجود ہو گا جبکہ تھیلی سیمیا سنٹرز میں اس بیماری میں مبتلا بچوں کے خون کی تبدیلی کے علاوہ ڈیسفرال انجکشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا**وفاقی حکومت نے ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا اختیار صوبوں کودینے کا فیصلہ کر لیا، مدارس ایجوکیشن بورڈ کو دینی مدارس سے الحاق کرنے سے روک دیا گیا۔ وفاقی حکومت نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کا اختیار صوبوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سمری تیار کر کے منظوری کے لیے وزیراعظم پاکستان کو بھجوا دی گئی ہے ۔ اس سے قبل دینی مدارس کی رجسٹریشن کے اختیارات وفاقی حکومت کے پا س تھے، مذکورہ فیصلے کے تناظر میں وفاقی حکومت نے مدارس ایجوکیشن بورڈ کو دینی مدارس کے ساتھ الحاق کرنے سے روک دیا ہے تاہم وزیراعظم پاکستان کو منظوری کے لیے بھجوائی جانے والی مذکورہ فیصلے کی سمری کے منظورہونے اور نوٹیفکیشن کے بعد نئی پالیسی کے تحت ایجوکیشن بورڈ سے مدارس کے الحاق کااعلان کیا جائے گا**کالعدم تنظیموں کو کسی صورت رجسٹرڈ نہ کیا جائے ، مدارس کو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ اختیار میں دینے کی ہدایت۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن کے کام کو سٹریم لائن کر کے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، مین سٹریم کے مدارس کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے تاہم انہیں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے انڈر کنٹرول کیا جائے تاکہ یہ ایجوکیشن کا حصہ بنیں،کالعدم تنظیموں کو کسی صورت رجسٹرڈ نہ کیا جائے اور نہ انہیں نام بدل کر کام کرنے کی اجازت دی جائے ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے معاملے پر پالیسی مزید سخت کر دی جائے، ضلع کی سطح پر انٹرفیتھ ہارمنی کمیٹیوں کو فعال کیا جائے **پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز دفعہ 144 کے کیسز ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو بھجوائیں، مراسلہ جاری۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017ء کے تحت ڈی سی اوز کی پوسٹیں ختم ہو چکی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز کودفعہ 144سی آر پی سی 1898ء کے اختیارات حاصل نہیں ہیں ۔ لہٰذا ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی موقع پر دفعہ 144 کا نفاذ مقصود ہو تو اس حوالے سے کیسز منظوری کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کئے جائیں **سیرت حضورﷺ اوراسلامی تعلیمات سے متاثرہ غیر مسلم عورت نے اسلام قبول کرلیا۔ بستی غوث پور کی رہائشی گوری دختر ہریہ نے دینی تعلیمات اور حضور اکرمﷺ کی سیرت مبارک سے متاثر ہوکر کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کرلیا۔ قاری اظہر اقبال نے جامع مسجد بھٹہ کالونی نزد اڈاخانپور رحیم یارخان میں کلمہ پڑھایا اور گوری کا اسلامی نام نور فاطمہ رکھا گیا۔اس موقع پرامام مسجد حافظ فرید بخش، قاری محمد احمد، قاری اللہ بخش، محمد عبداللہ،ڈاکٹر لیاقت علی، منیر احمد، رضوان منیر، عمران احمد، اللہ دتہ، صادق، نیامت علی، سلیم، بہادر علی، چوہدری مزمل ، غلام دستگیر سمیت اہل علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔قبل ازیں نورفاطمہ کا بیٹا محمد عبداللہ اور بہو بھی اسلامی تعلیمات سے متاثرہوکر اسلام قبول کرچکے ہیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں**ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالستار بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرلزکامرس کالج آف انسٹیٹیوٹ رحیم یار خان کی پرنسپل بشری محبوب کی طرف سے ٹریننگ کی استدعاپر ریسکیو 1122کی کمیونٹی ٹریننگ ٹیم کے انسٹرکٹرز لیڈ فائر ریسکیور فاران جیلانی اورکمپیوٹر آپریٹر شہلا نوازنے 40طالبات کو بیسک لائف سپورٹ اور ریسکیو محافظ کی ایک روزہ تربیت فراہم کی۔وائس پرنسپل رفعت ناز کی طرف سے نامزد طالبات کو ریسکیو محافظ رضاکاروں کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا۔تمام شرکاء4 کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے جدید طریقے سکھائے گئے ،جس میں زخمی ہونے کی صورت میں بہتے خون کوروکنے،پٹی باندھنے،فریکچر کی صورت میں متاثرہ حصوں کے جوڑوں کی حرکت ساکت کرنے،نبض چیک کرنے،سانس کی بحالی،بے ہوش مریض کا معائنہ اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے طریقے عملی طور پر سکھائے گئے۔آخر میں ریسکیو محافظ بننے کی ضرورت،اپنے لیے اور معاشرہ کے لیے اس کی اہمیت وافادیت بارے بریفنگ دی گئی کہ ریسکیو محافظ بن کر معاشرہ کا ہر فرد فعال کردار ادا کرسکتا ہے اور ریسکیو ریلیف ایجنسیز کے لیے معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ریسکیو محافظ ہنگامی صورتحال میں ناصرف اپنی ،اپنے خاندان کی بلکہ اردگرد کے لوگوں کی جان کو محفوظ بنانے میں مددگار ہوگا۔اس لیے ضلع کے زیادہ سے زیادہ افراد کو ریسکیو پروگرام میں شامل ہونا چاہئے۔اس پر شرکا ء کی کثیر تعداد نے ریسکیو محافظ فارم پْرکئے اور اس مہم کو آگے بڑھانے کا اعادہ کیا۔