***۔۔۔۔۔۔میرپورخاص۔۔۔۔۔۔***

123

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ضلع تھرپارکر کی تحصیل چھاچھرو کے گاؤں اوڈانی میں گزشتہ دنوں ہونے والی آتشزدگی کے باعث جلنے والے دو سو گھروں کی مدد کے لئے الخیر فاؤنڈیشن کی جانب سے ساڑھے 6لاکھ روپے مالیت کا ضروری سامان متاثرین میں تقسیم کرنے کے لئے روانہ کردیا گیا۔ کچھ روز قبل چھاچھرو کے گاؤں اُوڈانی میں آگ لگ گئی تھی جس سے دو سو گھر جل گئے تھے جنکی فوری مدد کے لئے الخیر فاؤنڈیشن کی جانب سے روانہ کئے جانے والے ضروری سامان کے موقع پر کو آرڈینیٹر انتصار بلوچ نے بتایا کہ آتشزدگی سے متاثرہ دو سو خاندانوں کی مدد کے لئے گھر میں استعمال ہونے والی ضروری اشیاء جن میں اسٹیل کی بالٹی، جگ ، گلاس، دیگچی،کیٹلی،توے ،پرات سمیت 13مختلف اقسام کے سامان کا فی پیکٹ دو سو خاندانوں کو دیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ بھیجے گئے سامان کی مالیت ساڑھے 6لاکھ روپے ہے اور ہم الخیر فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین کی بحالی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے*نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت ضلع بھر میں کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے دوران غیرقانونی طور پر رہائش پذیر 250سے زائد افغان شہریوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں 14 فارنر ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کیا گیا تھا تاہم عدالتوں میں ان درج مقدمات کی سماعت کا سلسلہ بھی جاری ہے اور عدالتوں کی جانب سے وکلاء کے دلائل سے اتفاق کرنے کے بعد گرفتار افغان شہریوں کی ضمانتوں کی منظوری اور ڈسٹرکٹ جیل سے ر ہائی کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے ۔