انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی میں پی ٹی آئی کی فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کی تجویز مسترد کردی

240

اسلام آباد(آئی این پی+صباح نیوز+مانیٹر نگ ڈیسک )انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی میں پی ٹی آئی کی فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کی تجویز مسترد کردی۔کمیٹی نے ریٹرننگ افسران فوج سے لینے کی تجویزبھی مسترد کردی۔انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنونیر زاہد حامد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے زاہد حامد نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کے تقرر کا موجودہ طریقہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،پاک فوج کی پولنگ اسٹیشنوں پر تعیناتی سے اتفاق کرتے ہیں، فوجی جوانوں کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ کرنا الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے،کمیٹی نے نگران حکومت کی تشکیل سے متعلق بھی پی ٹی آئی کی تجویز مسترد کردی،پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران حکومت تشکیل دینے کی مخالفت کی تھی،پیپلز پارٹی نے بھی پی ٹی آئی کی تجویز کی مخالفت کی ہے، نگران حکومت کی تشکیل سے متعلق موجودہ قانون برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،انتخابی مہم میں ارکان اسمبلی کے دوروں پر پابندی ختم کرنے کے حق میں ہیں،الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو انتخابی حلقے میں دورے کی اجازت دینے کی مخالفت کی ہے،الیکشن کمیشن کی مخالفت کے باعث معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے،ذیلی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات پر95فیصد کام مکمل کرلیاہے، آج انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں اب تک کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نوید قمر،شیریں مزاری،شفقت محمود،مشاہد حسین،صاحبزادہ طارق اللہ،ایس ایم قادری ، نعیمہ کشور اورسیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کو مزید وقت دیا ہے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، اس سلسلے میں اپنے وسائل اور سیکورٹی کو مدنظر رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات قبل از وقت کرانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، قبل از وقت انتخابات کا اعلان وزیراعظم کی صوابدید ہے،وزیراعظم پر قبل ازوقت انتخابات کیلیے دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناماکیس کا فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے،ہرفیصلہ صدیوں تک یاد رکھا جاتا ہے۔