نوشہرہ( صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ مدارس کے خلاف عالم کفر کا اتحاد بے معنی نہیں وہ مسلمانوں کو ان کی اصل تعلیمات سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمرانوں نے ان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے تو خدانخواستہ یہ ملک تاشقند اور سمرقند بن جائے گایاپھر یہاں شام او رعراق کی طرح خانہ جنگی پیدا ہوجائے گی۔گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس اپنے طور پر تمام اصلاحات کررہے ہیں،تمام جدید تقاضوں کے مضامین ہمارے نصاب میں شامل ہیں۔ حکومت زور اور جبر کے بجائے ارباب مدارس سے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تعلیم کا بھرم صرف دینی مدارس سے قائم ہے۔تقریب میں مہتمم جامعہ حقانیہ مولانا سمیع الحق نے فارغ التحصیل ہونے والے فضلا سے حلف اٹھوایا جس میں انہیں زندگی اسلام کی خدمت اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے وقف کرنے کا عہد کیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ امریکا افغانستان سے جاتے جاتے پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتا ہے۔ اس لیے سب کو چوکنا رہنا ہوگا۔