سندھ اسمبلی‘ پیپلز پارٹی کا سربیا میں سفیر کی تعیناتی پر احتجاج

99

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ عادل گیلانی کو سربیا میں پاکستانی سفیر متعین کرنے کے فیصلے پر ایک مرتبہ پھر سندھ اسمبلی میں سخت احتجاج کیا ہے۔ ایوان کی کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر سکندر شورو نے اپنے ایک پوائنٹ آف آرڈر پر کہاکہ وفاقی حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کے نتیجے میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم اور ان کے خاندان نے اپنی کرپشن کے کارناموں کے سبب اس شعبے میں ڈگری حاصل کر لی ہے ۔ پیپلز پارٹی پر الزامات لگانے والوں کو اپنی کرپشن نظر کیوں نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں محب وطن لوگوں کو سفیر مقرر کیا جاتا ہے، جو وہاں پاکستان کے مفادات کا تحفظ کر سکیں لیکن عادل گیلانی جیسا شخص بیرون ملک پاکستان کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سربیا میں سفیر کا عہدہ کسی غدار کو نہیں محب شخص کو دیا جائے اور عادل گیلانی کو اس عہدے سے ہٹایا جائے ۔