عمران خان 30اپریل کو ’’حقوق کراچی ‘‘مارچ کی قیادت کریں گے

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں30اپریل کو ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کا آغاز مزار قائدسے کرنے جا رہی ہے ۔کراچی میں بلدیاتی اور سندھ حکومت دونوں ناکام ہو چکی ہیں۔ہم کراچی کے تمام شہریوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سیاست ، مسلک اور زبان سے بالا تر ہو کر اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلیں کیونکہ جب تک ہم اپنے گھروں سے نہیں نکلیں گے تب تک شہری ، صوبائی اوروفاقی حکومت کے کان میں جوں نہیں رینگے گی۔پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے پانی و بجلی کے مسائل پر اسمبلی میں آواز اٹھائی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، ایم پی اے خرم شیر زمان، سردار عبد العزیز،ملک شہزاد اعوان، سیف الرحمان خان،دوا خان صابر ، راجا اظہر خان، ڈاکٹر پرویز غفاراور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کراچی وہ واحد بڑا شہر رہ گیا جہاں ماس ٹرانزٹ کاکوئی نظام نہیں ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے انصاف لیبر یونین اسٹیل ملز کے نومنتخب CBAکے چیئرمین چوہدری افضل، سیکرٹری یاسین جامڑو،صدر سرور نیازی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ۔