پاکستان رگبی یونین ایشیا میں گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام میں نمبر ون پوزیشن پر آگیا

51

لاہور(جسارت نیوز )پاکستان رگبی یونین ایشیا میں گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام میں نمبر ون پوزیشن پر آگیا، ایشیا رگبی نے گزشتہ دنوں گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کی نمبرز کے حساب سے ریٹنگ جاری کی جس میں پاکستان رگبی یونین 2017ء کے پہلے کوارٹر میں 23349 کھلاڑیوں کے ساتھ نمبر ون پوزیشن پر ہے۔
، پاکستان رگبی یونین کے پاکستان بھر سے ڈویلپمنٹ کوچز نے پہلے کوارٹر میں اسکولوں، کالجوں اورمختلف اداروں میں جا کر اتنے کھلاڑیوں کو گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کی تربیت کی۔ بھارت 17880 کے ساتھ دوسرے، قازقستان 10398 کے ساتھ تیسرے، یو اے ای 7398کے ساتھ چوتھے ، ازبکستان 4486 کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔ 31 ممالک ایشیا رگبی کے اس پروگرام کا حصہ تھے۔ پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ اور گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کے انچارج شکیل احمد ملک کا کہنا تھا کہ یہ ہماری گزشتہ کئی ماہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہمارے ڈویلپمنٹ آفیسر نے شہر شہر ، گاؤں گاؤں کے سکولوں، کالجوں میں جا کر جانفشانی نے بچوں کو رگبی کے کھیل سے متعلق بتایا۔ گزشتہ سال بھی ہم ورلڈ رگبی کی رینکنگ میں10ویں پوزیشن پر تھے۔ اس سال ایشیا میں نمبر ون ہونا پاکستان رگبی یونین کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ اب ہمارے پاس کھلاڑیوں کا بہت بڑا پول ہے۔ اس وقت پاکستان رگبی یونین کے پاس انڈر 15، انڈر 16، انڈر 17 انڈر 18 بوائز اور گرلز دونوں میں ٹیمیں موجود ہیں۔ جنوبی پنجاب، فاٹا، پشاور، اسلام آباد اور تمام بڑے شہروں میں رگبی اب ایک مقبول کھیل کے طورپر جانا جاتا ہے۔