اسلام آباد (اے پی پی) انسپکٹرجنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی طرف سے دائر شکایت پر پیمرا شکایات کونسل سندھ کی سفارشات کی روشنی میں نجی ٹی وی چینلز ’’چینل۔24‘‘ پر 3لاکھ روپے اور ’’اب تک‘‘ پر 2لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے او ر انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ آئی جی اے ڈی خواجہ کیخلاف غلط اور من گھڑت خبر چلانے پر ناظرین سے معذرت بھی نشر کی جائے۔ پیمرا شکایات کونسل کے اجلاس میں ’’چینل۔24‘‘ کے رپورٹر ظل حیدر کی طرف سے 18 دسمبر 2016ء کو ایک رپورٹ اور ’’اب تک‘‘ کے پروگرام ’’بے نقاب‘‘ میں جبکہ 22 دسمبر 2016ء کو اینکر سیفان خان کی جانب سے اے ڈی خواجہ پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کرنے کی شکایات کی سماعت ہوئی۔ شکایت گزار کی طرف سے ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ نعیم احمد اور پی آر او سہیل احمد جوکھیو پیش ہوئے جبکہ ’’چینل۔24‘‘ کی نمائندگی کنٹرولر نیوز ریحان ہاشمی نے کی۔ ’’اب تک‘‘ کی طرف سے سیفان خان، سلیم رضا اور فیضان طارق پیش ہوئے۔ فریقین کا مؤقف سننے اور الزامات کا جائزہ لینے کے بعد کونسل ممبران نے فیصلہ سنایا۔ شکایت کونسل نے متنبہ کیا کہ حکم عدولی کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔