بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کرا رہا ہے، مشال ملک

80

لاہور (نمائندہ جسارت) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک نے کہا ہے کہ آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتری ہوئی ہے اور اب مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کرائے جا رہے ہیں، پاکستان کی پوری فوج سے زیادہ تعداد میں بھارت نے فوج کشمیر میں تعینات کر رکھی ہے اور بھارتی حکومت کی کشمیر میں زیادتیاں روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشال ملک نے کہا کہ پاکستان میں چلنے والی تحریکوں میں لاہو رہائیکورٹ بار کا کردار بڑا اہم ہے۔ انہوں نے وکلا سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کا مقدمہ لڑیں۔ حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کردار باعث شرم ہے اور بھارت دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حریت رہنما گھروں میں نظر بند ہیں اسپتالوں میں زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ کشمیری پاکستان سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور انہیں پاکستان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے وکلا پر زور دیا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔