میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی جانب سے نویں و دسویں جماعت کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر بعض مخصوص بااثر فوٹو اسٹیٹ کی دُکانوں کے مالکان کو نوازنے کا انکشاف، تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے افسران کی بااثر فوٹو اسٹیٹ دُکان کے مالک کے عشایے میں شرکت۔ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور خاص کے زیر اہتمام سالانہ حج قرعہ اندازی کی تقریب تعلیمی بورڈ میرپورخاص نے گزشتہ دنوں نویں و دسویں جماعت کے امتحانات منعقد کیے تھے، جس میں بڑے پیمانے پر نقل مافیا کی روک تھام میں بورڈ مکمل طور پر ناکام نظر آیا، ناکامی چھپانے کے لیے تعلیمی بورڈ کی جانب سے حج قرعہ اندازی کے لیے مقامی دُکانداروں کو حج قرعہ اندازی میں خاص طور پر مدعو کیا گیا اور ان سے قرعہ اندازی بھی کرائی گئی، جبکہ دُکانداروں کو تحائف بھی دیے گئے، جس پر تعلیمی بورڈ کی جانب سے ایک خطیر رقم خرچ کی گئی، بورڈ کے اس اقدام پر عوامی حلقوں کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا گیا۔ واضح رہے کہ میرپورخاص تعلیمی بورڈ میں نویں و دسویں جماعتوں کے امتحان کے دوران نقل مافیا کی کارکردگی عروج پر تھی، تمام امتحانی سینٹرز پر کھلے عام نقل کرائی گئی اور بعض فوٹو اسٹیٹ کی دُکانوں پر کھلے عام حل شدہ پرچے دستیاب تھے، جس پر انتظامیہ کارروائی کرنے سے گریزاں تھی، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ شب تعلیمی بورڈ کے افسران نے میرپورخاص کے بااثر فوٹو اسٹیٹ کے مالک کی جانب سے دیے جانے والے ایک پُر وقار عشائیہ میں بھر پور شرکت کی جبکہ بورڈ انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے امتحانات کے دوران ٹیوشن مافیا کے اساتذہ کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تاکہ وہ با آسانی نقل کرواسکیں۔ اس کے علاوہ ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ امتحان دینے والے فی بچے کو نقل کرانے کا مواد فراہم کرنے کے بھی ریٹ مقرر کیے گئے تھے۔