جامعہ کراچی کا ستائیسواں جلسہ تقسیم اسناد کل ہوگا

97

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کا ستائیسواں جلسہ تقسیم اسناد 15 اپریل2017 ء کو ولیکا کرکٹ گراؤنڈ میں ہورہا ہے۔ صدارت گورنر سندھ و چانسلر جامعہ کراچی محمد زبیر کریں گے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے، کارروائی کا آغاز5 بجے ہوگا۔ان خیالات کا اظہار کنوینر میڈیا کوآرڈینیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ نے پریس بریفنگ میں بتائی۔انہوں نے بتایاکہ کانووکیشن میں کل 1925 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی جائیں گی جبکہ 168 طلبہ کو اپنے شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر طلائی تمغوں سے نوازا جائے گا۔سابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر سعید سیفی کو ڈی ایس سی کی ڈگری تفویض کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بی اے آنرز کی 252 ،بی ای کی 18 ،بی ایل آئی ایس کی 5 ،بی ایس کی 126 ،بی پی اے کی ایک ،بی کام کی ایک،بی ایس سی ایس کی 7 ،بی بی اے آنرز کی 4 ،بی ایس سی آنرزکی 200 ،ایم اے کی 257 ،ایم بی اے کی 41 ،ایم کام کی 44 ،ایم سی ایس کی 13 ،ایم ایل آئی ایس کی 3 ،ایم پی اے کی 24 ،ایم ایس سی کی 309 ،فارم ڈی کی 71 ،ایم فارم اور ایم ڈی کی ایک ایک ،ایم فل کی 13 اور پی ایچ ڈی کی 68 ڈگریاں طلبہ کو تفویض کی جائیں گی۔ اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اجتماعات میں سے آٹھ ہزار سے زائد افراد کی شرکت کا امکان ہے جن میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات ووالدین، عمائدین شہر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے نمایاں شخصیات شامل ہیں، تین ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ مہمانوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے کے لیے مسکن گیٹ اور سلور جوبلی گیٹ سے بسیں چلائی جائیں گی۔جامعہ کے تمام دروازے مہمانوں کے لیے کھلے رہیں گے ، جلسہ گاہ میں ہنگامی طبی امداد کا مرکز قائم کیا گیا ہے ۔نئے گورنر سندھ محمد زبیر اس کنووکیشن میں تعلیمی جلوس کا حصّہ بھی بنیں گے اور کنووکیشن کے اختتام پر تعلیمی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ سے رخصت ہوں گے، نئے گورنر جامعہ کراچی کے سند یافتہ ہیں۔