کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے سی سی اے زون 3 کی زیر نگرانی دوسرا آل کراچی عبدالحمید کھتری انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ریکسر جم خانہ نے ظہیر ربانی سی سی کو 8وکٹوں سے شکست دی جبکہ برائٹ جم خانہ نے پاک انڈپینڈنٹ کیخلاف 42رنزسے کامیابی حاصل کی۔ جاوید احمد کی سنچری کا ریکسر جم خانہ کی فتح میں کلیدی کردار‘ عقیل خالد کی سنچری ظہیر ربانی سی سی کے کام نہ آسکی۔سہیل فضل ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری سے دور رہے۔علی نسیم کی آل راؤنڈ کارکردگی 40رنز بنائے اور 3وکٹیں بھی حاصل کیں۔صادق اسپورٹس گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچوں میں ظہیر ربانی سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں پر 230رنز 35اوورز میں اسکور کئے۔ عقیل خالد نے تھری فیگرز اننگ کھیلی انہوں نے 100رنز میں 13چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شمس اﷲ خان کے 34رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ ابتہاج آصف 26رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ریکسرجم خانہ نے اپنی جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف 24.3اوورز میں 2وکٹوں پر 233رنز بنا کر فتح کو یقینی بنالیا۔جاوید احمدنے 121رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی کامیابی کو آسان بنایا۔انہوں نے 19چوکے اور 2چھکے لگائے۔ شعیب خان کے 77رنز 8چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔
ذیشان فیروز نے 48رنز کے عوض حریف ٹیم کی دونوں وکٹیں اپنے نام کیں۔دوسرے میچ میں برائٹ جم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 35اوورز میں 184رنز بناسکی۔ سہیل فضل نے 49رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بیٹسمین رہے۔علی نسیم نے 40اور ذیشان نومیا نے 31رنز کی باری کھیلی۔ فرحان احمد نے 29رنز پر 3کھلاڑی میدان بدر کئے جبکہ روی موہن نے 23رنز پر 2مہرے کھسکائے۔ پاک انڈ یپنڈ نٹ سی سی کی جوابی اننگز 29.3اوورز میں 142رنز پر سمٹ گئی۔