دشمن چہارسو قرآن کے پھیلتے نور سے خوفزدہ ہے‘ راشد نسیم

207

لاہور (نمائندہ خصوصی)نائب امیر و صدر تربیتی کمیٹی جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ دنیا کو جنگ و جدل اور بارود کے شعلوں سے صرف قرآن کا نظام تحفظ دے سکتاہے ۔ اس وقت انسانیت امن کی متلاشی ہے مگر چاروں طرف ایک بدامنی بے چینی اور مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔عالم اسلام متحد ہو کر دنیا بھر میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کو روک سکتا ہے ۔ اگر اسلامی دنیا کے حکمران امریکا و مغرب کے غلام بنے رہے تو مسلم ممالک اسی طرح انتشار کا شکار رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پیغام یونین کے عہدیداروں کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں اپنے چہار سو پھیلتے قرآن کے نور سے خوفزدہ ہیں ۔ اسلامی دنیا میں 60 فیصد سے زائد نوجوان ہیں جو زندگی کی توانائیوں سے بھر پور ہیں اور مستقبل کے معمار ہیں جبکہ مغرب اور یورپ میں 70 سے 80 فیصد تعداد بوڑھوں کی ہے اور مغرب اور یورپ کے اکثر ممالک میں ہم جنس پرستی کو قانونی تحفظ حاصل ہونے سے مرد مرد سے اور عورت عورت سے شادی کررہی ہے اور اس غیر فطری ملاپ سے اولاد ناپیداور نسل انسانی کا ارتقا رک گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت اسلامی دنیا کو اللہ نے تیل گیس اور معدنی وسائل کے خزانوں سے نوازاہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی دنیا کو ایسی قیادت مل جائے جو دشمن کی غلامی کے بجائے اللہ کی غلامی کو اپنے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کاذریعہ سمجھنے والی اور اللہ کے سامنے جوابدہی کا یقین رکھنے والی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 70 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے نام سے بننے والی نام نہاد جمہوری حکومتوں اور ڈکٹیٹر شپ نے عوام کو گھمبیر مسائل کا اسیر بناد یاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک ملک و قوم کو لٹیروں سے نجات دلانے کی جدوجہد ہے ۔ عوام ملک میں نفاذ شریعت کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔