رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ذیابیطس سے متاثرہ روزے داروں کی رہنمائی کے لیے کراچی پریس کلب میں صنوفی پاکستان اور بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈایابیٹز اینڈ انڈیکرینولوجی کے زیرِ اہتمام ایک آگہی سیمینار منعقد کیا گیا

80

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ذیابیطس سے متاثرہ روزے داروں کی رہنمائی کے لیے کراچی پریس کلب میں صنوفی پاکستان اور بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈایابیٹز اینڈ انڈیکرینولوجی کے زیرِ اہتمام ایک آگہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں پروفیسر عبدالباسط اور پروفیسر محمد یعقوب احمدانی نے ڈایابیٹس اینڈ رمضان انٹرنیشنل الائنس(DAR) کے اپریل2016 ء میں جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق رہنمائی فراہم کی۔ڈی اے آرکا جاری کردہ ہدایت نامہ بین الاقوامی دوا ساز ادارے صنوفی کی ایک غیر محدود تعلیمی گرانٹ کے تعاون سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی مہارت اور کوششوں سے دبئی میں جاری کیا گیا تھا۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انٹرنیشنل ڈایابیٹس فیڈریشن (IDF) کے ساتویں ایڈیشن اٹلس کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی موجودہ تعداد قریباً 70 لاکھ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 2040ء تک یہ تعداد ایک کروڑ 44 لاکھ تک پہنچ جائے گی جو دنیا بھر کے ممالک میں آٹھویں بڑی تعداد ہوگی۔ رمضان المبارک اسلامی سال کا مقدس ترین مہینہ ہے لیکن امراض کے شکار خصوصاً ذیابیطس سے متاثرہ مریضوں کے لیے بیماری کی حالت میں روزے رکھنا صحت کے لیے مضر ثابت ہو سکتا ہے۔ اسلام میں بیماری کا شکار افراد کے لیے روزے رکھنے کی پابندی میں نرمی ہونے کے باوجود مسلمان مریضوں کی ایک بڑی تعداد روزے رکھتی ہے۔ روزے داروں کی اتنی بڑی تعداد کے پیشِ نظر معالجین کی رہنمائی کے لیے بین الاقوامی تسلیم شدہ ہدایت نامے کی ضرورت تھی جسے وہ اپنے مریضوں کی مشاورت کے لیے استعمال کر سکیں۔ اس موضوع پر زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی ذیابیطس کے مریضوں کو روزوں کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر کے ان کی زندگیوں میں بہتری کا سبب بنے گی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عبدالباسط (چیئرمین آئی ڈی ایف مینا، چیئرمین پاکستان ورکنگ گروپ آن ڈایابیٹک فوٹ) نے کہا کہ ذیابیطس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد رمضان کے دوران روزے رکھنے کی خواہش مند ہے۔ اس لیے انہیں رمضان کی آمد سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشاورت کرنی چاہیے۔ معالج اپنے مریضوں کی علامات کے پیشِ نظر انہیں روزے رکھنے سے متعلق مناسب ہدایات دے سکیں گے۔ ذیابیطس سے متاثرہ افراد اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنے سے پرہیز کرتے ہوئے روزے رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق کریں۔ اس موقع پر ہدایت نامے کے معاون مصنف پروفیسر محمد یعقوب احمدانی اورصنوفی پاکستان کی ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز لیلیٰ خان نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔