سابق پاکستانی فوجی افسر کے اغوا میں ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کی تصدیق

53

اسلام آباد،کھٹمنڈو(آئی این پی)نیپال میں لاپتا ہونے والے پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر کے اغوا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال میں لاپتا ہونے والے پاک فوج کے(ر)کرنل حبیب ظاہر کی گمشدگی میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔(ر)کرنل سے رابطہ کرنے والا برطانوی نمبر بھی اصلی نکلا جس کے لیے حبیب ظاہر کی گمشدگی کا معاملہ برطانوی حکومت سے اٹھایا جاسکتا ہے جب کہ (ر)کرنل کے خاندان نے اقوام متحدہ کے لاپتا افراد ورکنگ کمیشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔(ر)کرنل سے رابطہ کرنے والی ویب سائٹ سے متعلق بھی کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ویب سائٹ کی ہوسٹنگ بگ راک ڈاٹ کام بھارت میں ہے جس پر ایسٹ انڈیا ممبئی مہاراشٹر کا پتا موجود ہے اور اسی ویب سائٹ کے ذریعے حبیب ظاہر کو نوکری کا جھانسا دیا گیا تھا جو بھارت میں کئی اور بھارتی ویب سائٹ کی ہوسٹنگ کررہی ہے، اس ویب سائٹ کے ذریعے مختلف لوگوں کو نوکریوں کا جھانسا دیا جاتا ہے، بھارتی ویب سائٹ پر جعلی اسامیاں ایک برس سے موجود ہیں۔ کرنل (ر)حبیب ظاہر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ کل بھوشن یادیو کو سزائے موت کا اعلان ہوتے ہی بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور ایسی حرکتیں کر کے پاکستان کو تنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کچھ روز قبل پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر نیپال میں لاپتا ہوگئے تھے۔