کراچی (اسٹاف رپورٹر)عطیات دینے سے پہلے ادارے کے بارے میں معلومات لینا ہمارا قانونی اور معاشرتی حق ہے اور اگرکسی ادارے یا شخص پر شک ہو تو اسکے بارے میں حکومتی اداروں کو اطلاع دیں جیساکہ آئے دن ہم اخبارات میں پڑھتے رہتے ہیں کہ ہر فلاحی ادارہ ملک دوست نہیں ہوتا۔ عطیات ضرور دیں کیونکہ یہ ہی ایک طریقہ ہے جس کی بدولت ہم ان لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں جن تک ہماری رسائی نہیں ہو تی۔ ان خیالات کا اظہارانڈیجول لینڈ کی ترجمان محترمہ سندس سیدہ نے مقامی ہوٹل میں” سیف چیریٹی “کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سندس سیدہ نے مزید کہا کہ عطیات ضرور دیں لیکن اطمینان کر لیں کہ یہ رقم واقعی مستحق تک پہنچ رہی ہے یا نہیں؟ ہمارا قانون ہمیں اجازت دیتا ہے کہ اگر کوئی زبردستی عطیات اکٹھے کر رہا ہے تو اسکے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ ہو سکتا ہے۔ کیونکہ جو لوگ زبردستی ہم سے پیسے اکٹھے کرتے ہیں وہ ان پیسوں کو ہمارے اور آپکے بچوں کے خلاف اور دہشتگردی کے کاموں میں استعمال کر سکتے ہیں۔ امن کے قیام اور فروغ کے لیے ایسے اداروں کو انجانے میں بھی اپنے پیسوں سے بد امنی پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔ عوام کو آگاہ کرنے کے لیے حکومت کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا جیسے کہ کالعدم تنظیموں کی فہرست حکومتی اداروں کو ویب سائیٹ پر شائع کرنی چاہیے اور کالعدم تنظیموں کے مختلف ونگ کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ سیمینار میں بلاگرز، کالم نگاروں ،صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے شرکت کی ۔