عدالت عوام کے بنیادی حقوق کی محافظ ہے‘جسٹس ثاقب نثار

219

اسلام آباد (آن لائن ) عدالت عظمیٰ میں ہیپاٹائٹس کی بیماری سے بچانے والی ادویات کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریماکس دیے ہیں کہ ا دویات کی قیمتوں کا معاملہ قوم کی صحت سے منسلک ہے،عدالت بنیادی حقوق کی محافظ ہے ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں 3رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت قانون کے مطابق ادویات کی قیمتوں کا تعین نہیں کرتی تو عدالت مداخلت کر سکتی ہے، عدالت قیمتوں کے تعین کے معاملے کی نگرانی کرسکتی ہے، ادویات کی قیمتوں سے متعلق کئی مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں،ڈریپ اتھارٹی بھی عدالت عظمیٰ کے از خود نوٹس لینے پر بنی ہے، دوران سماعت نجی کمپنیوں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈریپ نے نجی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو تفریقی بنیادوں پر ڈیل کیا اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو بتائیں کیا بدنیتی شامل ہے۔بعد ازاں عدالتی وقت ختم ہونے پر کیس کی سماعت آج (جمعہ) تک ملتوی کردی گئی۔