عوام بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آگئے‘بلاول زرداری

58

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ختم نہ ہونے والی گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے سندھ کے عوام تنگ آگئے جبکہ وفاقی حکومت پاور پلانٹ کو گیس کنکشن دینے سے انکار کرکے سندھ حکومت کی جانب سے بجلی پیدا کرنے کی کاوشوں کو سبوتاژ کرناچاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے میں امن و امان پر بریفنگ دی۔ پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ ان کے فوائد جلد سے جلدعوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ایک مخصوص علاقے میں اپنے حواریوں کو نوازنے کے لیے 37 ارب روپے کے نئے گیس منصوبے شروع کیے ہیں لیکن حکومت سندھ کی جانب سے نوری آباد میں قائم 100 میگاواٹ کے بجلی گھر کو گیس کنکشن دینے سے انکار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گیس کے متعلق سندھ کے خدشات کا ازالہ کرے اور اس معاملے کو بلا تاخیر حل کیا جائے۔بلاول زرداری نے موسم گرما کی چلچلاتی گرمی کی لہر آنے سے قبل ہی سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اپنے طور کیے گئے اقدامات کو سراہا۔