فاٹا سپر لیگ خٰبر پختونخوا کے لئے نئے دور کا آغاز ہے،اقبال ظفر جھگڑا

74

پشاور (جسارت نیوز)گورنرخیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کی ذہنی،جسمانی اور اخلاقی تربیت کا عمدہ وسیلہ ہے‘ نوجوان نسل ملک و قوم کے مستقبل کا اثاثہ ہیں اورانہیں کھیلوں کے مواقع فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں کو مثبت خطوط پراستوار کیاجاسکتاہے۔ ان خیالات کا ا ظہار ا نہوں نے گزشتہ روز جمرود اسپورٹس کمپلیکس ،خیبرایجنسی میں فاٹاسپرلیگ کے فانئل میچ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم این اے حاجی شاہ جی گل آفریدی اورفاٹا سے تعلق رکھنے والے بعض دیگراراکین پارلیمنٹ ،قبائلی زعماء اے پی اے ضیاء الرحمان ،ڈائریکٹر اسپورٹس فاٹااور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔گورنر نے کہا کہ فاٹا سپرلیگ کا انعقاد علاقے میں ایک نئے دور کے آغاز کی دلیل ہے اور ان کی یہ دلی خواہش ہے کہ تمام قبائلی ایجنسیوں اور فرنٹیئر ریجنزمیں بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلباء کو محض درسی کتب کی بنیاد پر علم کے حصول تک محدود کرنا نہیں بلکہ وسیع تر پیمانے پر ان کی تعلیم و تربیت یقینی بنانا مقصد ہے۔انہوں نے فاٹا کے نوجوانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں کھیلوں کے مواقع فراہم کر کے ان کے ٹیلینٹ کو مثبت کاموں میں استعمال کیاجائے ۔گورنر نے یہ امربھی واضح کیا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کی قوت برداشت بڑھے گی بلکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بھی ثابت ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں بزرگوں کا احترام، چھوٹوں پر شفقت اور ہر کسی کی خدمت کرنے کا جذبہ عام لوگوں سے زیادہ ہوتاہے اوروہ معاشرے کو مثبت خطوط پر استوار کرنے میں مدد گار و معاون ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فاٹا سپر لیگ کے فائنل میں ان کی شرکت کھیلوں کے فروغ میں موجودہ حکومت کی گہری دلچسپی کا عملی ثبوت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ فاٹا بھر کی قبائلی ا یجنسیوں کے پولیٹکل ا یجنٹس اپنے متعلقہ علاقوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔فاٹا سپرلیگ کافائنل میچ سنسنی خیزمقابلے کے بعد خیبرایجنسی نے جیت لیا۔بعدازاں گورنر نے جیتنے والی ٹیم کو2 لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کوایک لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے۔انہوں نے کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر شیلڈاورٹرافیاں بھی دیں۔