لوڈ شیدنگ میں اضافے کیخلاف ہیومن رائٹس کا احتجاج

42

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہیومن رائٹس نیٹ ورک پاکستان نے کہا ہے کہ شہریوں کے شدید احتجاج کے بعدکے الیکٹرک نے مزید ڈھٹائی کامظاہرہ کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھاکر 10گھنٹے کردیا ہے۔ ایچ آر این کراچی چیپٹر کے صدر انتخاب عالم سوری نے کراچی الیکٹرک کے ترجمان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کے۔الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے ٹیرف ریگولیٹری ادارہ کی منظوری سے وصول کیا جا رہا ہے تو یہ کیوں نہیں بتایا جارہا کہ ریگولیٹری ادارو ں کے حکم پر صارفین کو وہ 200 ارب روپے واپس کیوں نہیں لوٹائے جارہے جو کے الیکٹرک نے غیر قانونی طور پر صارفین سے وصول کرلیے تھے۔ انتخاب عالم سوری نے کہا کہ کے الیکٹرک یہ کیوں نہیں بتا رہی کہ اس نے سابقہ کے ای ایس سی دور کی1200 سو کلو میٹر تانبے کے تار بیچ کر جواربوں روپے کا غبن کیا وہ پیسے کہاں ہیں؟ اور انہیں بہترین کارکردگی کے باوجودکیوں تبدیل کر دیا گیا؟جبکہ عدالت نے کے الیکٹرک کو تانبے کے تار تبدیل کرنے سے روک دیا تھا کیونکہ اس کی جگہ لگائے جانے والے سلور کے تار لوڈ برداشت نہیں کر پاتے۔غیرمعیاری کیبلز کی وجہ سے لائن فالٹ معمول بن چکاہے اوراس کاخمیازہ عوام غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی صورت بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے نیب سمیت اعلیٰ عدلیہ اور مقتدر حلقوں سے اپیل کی کہ کے الیکٹرک کے معاملات کی جامع تحقیقات کرائی جائیں۔