محکمہ کسٹمز کی کارروائیاں،3لاکھ لیٹرایرانی ڈیزل ضبط

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کسٹم گوادر کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی، پونے 2 کروڑ روپے مالیت کا 3 لاکھ لیٹر ایرانی ڈیزل ضبط کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم کلکٹر گوادر کی ہدایت پر ماڈل کسٹم کلیکٹریٹ گوادر نے ایف سی بلوچستان کے ساتھ مل کر پنجگور، تربت، مند اور حب سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف گاڑیوں سے 2 لاکھ 88 ہزار لیٹر سے زائد ایرانی ڈیزل اسمگل کرتے ہوئے ضبط کرلیا۔ ایرانی ڈیزل کی عالمی مارکیٹ میں قیمت ایک کروڑ (72) بہتر لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ اسسٹنٹ کلکٹرکلیم اللہ نے عملے کو ہدایت کی کہ ڈیزل اسمگلنگ مافیا کے خلاف آپریشن ہر صورت جاری رکھا جائے اور ایرانی ڈیزل سمیت ہر قسم کے غیر قانونی اشیا کی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں اور سماج دشمنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے۔ پاک چیک اکنامک کوریڈور اور سی پیک جیسے منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سماج اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اسسٹنٹ کلکٹر کلیم اللہ نے گزشتہ کئی دنوں سے جاری کامیاب کارروائیوں پر عملے کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔