کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس کے شرکاء نے10واں اور11واں مرحلہ کامیابی سے طے کرلیا‘ اس دوران سائیکل سواروں نے79کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا‘حیدر آباد کے نعیم احمد جب اختتامی پوائنٹ عمر کوٹ پہنچے تو وہ یہ فاصلہ2 گھنٹہ46منٹ اور41سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن کے حق دار ٹہرے۔ کراچی کے علی الیاس اور عرفان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے حیدر آباد کے حاشر نے چوتھی‘حیدر آباد ہی کے خلیل نے5ویں اور میرپور خاص کے حق نواز نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں ریس کے شرکاء عمر کوٹ سے اپنی اگلی منزل مٹھی کی جانب روانہ ہوئے سندھ اسپورٹس بورڈ کے نمائندے عمران شیخ کے مطابق11ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے عمر کوٹ سے براستہ قاضی احمد97کلو میٹر کے فاصلہ طے کرکے اپنی منزل مٹھی پہنچ گئے 11ویں مرحلے میں لاڑکانہ کے غلام مصطفی نے پہلی‘ حیدر آباد کے حاشر نے دوسری‘ میرپور خاص کے حق نواز نے تیسری ‘حیدر آباد کے خلیل نے چوتھی‘ کراچی کے حبیب نے 5 ویں اور کراچی کے ہی علی الیاس نے چھٹی پوزیشن حاصل کی جنہیں بالترتیب10ہزار روپے‘8ہزار روپے‘5ہزار روپے اور3,3ہزار روپے کے کیش انعام دیا گیا آج صبح ٹورڈی سندھ سائیکل ریس کے شرکاء اپنی اگلی منزل بدین کے لئے روانہ ہونگے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز محمد سلیم رضا نے سائیکل ریس کے شرکاء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جھلستی دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود ریس کے شرکاء کا جذبہ اور جدوجہد قابل دید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریس کے اختتام پر کراچی میں ہم ان کے لئے ایک بڑی تقریب کا اہتمام کررہے ہیں جس میں انہیں کیش انعامات سے نوازا جائے گا۔