پاناما کا فیصلہ پاکستان کا مقدر اور مستقبل بدلے گا‘عمران خان

51

نتھیا گلی(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کے فیصلے کے لیے پوری قوم بے تاب ہے، توقع ہے کہ پاناما کا فیصلہ پاکستان کا مقدر اور مستقبل دونوں بدلے گا۔ فیصلے کے بعد صحیح معنوں میں جمہوریت کا آغاز ہوگا، جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات کروں گا۔ نتھیا گلی میں وسیم اکرم، ذاکر خان سمیت دیگر کے ہمراہ سیر کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکمران احتساب کے خوف سے آزاد ہو جائیں تو ظلم کا دروازہ کھلتا ہے۔ پاکستان کونئی منزلوں سے آشناکروانے کا وقت ہے۔ تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر پاکستان کا روشن مستقبل تعمیر کرے گی۔ مقامی لوگوں نے عمران خان کو بتایا کہ نتھیا گلی اور ایوبیہ کے جنگلات میں درختوں کی کٹائی سے قبل پراسرار طور پر آگ لگائی جاتی ہے جس کے بعد آتشزدگی سے درخت سوکھ جاتے ہیں جسے ٹمبر مافیا اپنے کاروبار کے لیے استعمال کرتی ہے۔ اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگلات کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔ کے پی کے کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں گے ۔ نتھیا گلی کے جنگلات میں آتشزدگی اورکٹاؤ کے بارے میں وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک سے بات کریں گے۔