گیانا(جسارت نیوز) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں پاور ہٹرز کی کمی ایک تلخ حقیقت ہے اور یہی وجہ ہے کہ گرین کیپس ون ڈے میں 25 سے 30 رنز کم بنا پاتی ہے۔گیانا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں پاور ہٹرز کی کمی ہے جس کی وجہ سے ہم آخری اوورز میں 25 سے 30 رنز پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان جیسے پاور ہٹر کو کھو دینا بلا شبہ ٹیم کے لئے بڑا دھچکا ہے لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں سے پر امید ہوں۔مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 20 ویں صدی کی کرکٹ کھیلتی رہی ہے جب کہ پاکستان میں کرکٹ کا نہ ہونا اور آئی پی ایل جیسا ایکسپوڑر نہ ملنا بھی ایک حقیقت ہے لیکن اب تمام کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیو ں کو 20 ویں صدی کا کھیل چھوڑنے اور جدید کرکٹ سے روشناس ہونے کی ضرورت ہے۔مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ موجودہ دور کی کرکٹ بدل چکی ہے،اب پاور ہٹرز کے بغیر میچز جیتنا نا ممکن ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں جارحانہ بلے بازوں کی شدید قلت ہے،مکی آرتھر کیمطابق فکسنگ کیس میں معطل شرجیل خان کے نہ ہونے سے ٹیم کو بہت نقصان ہوا ہے،ان کی موجودگی بیٹنگ لائن کیلئے بڑا سہارا تھی،ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ قومی کرکٹرز کے کھیل میں بہتری کیلئے کوشش کر رہے ہیں تاہم یہ چیزیں راتوں رات ممکن نہیں۔