پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی سندھ کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف رواں ہفتے سے سندھ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی سندھ کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف رواں ہفتے سے سندھ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، گیس کی عدم فراہمی اور پانی کی کمی پر سندھ کے ہر ضلع میں احتجاجی تحریک چلانے اور کل (بروز ہفتہ) بدین میں دھرنا دینے اور احتجاجی جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے اپنے پالیسی بیان میں کیا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سخت گرمی کے دوران 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سندھ میں طویل لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کی عوام کو عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے تو دوسری طرف سندھ کی جانب سے 70 فیصد گیس پید ا کرنے کے باوجود سندھ کو گیس سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 2 فیصد بھی گیس پیدا نہیں کر رہا مگر پنجاب کو سندھ سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے جو کہ وفاقی حکومت کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جان بوجھ کر پانی کا بحران بھی پیدا کر رہی ہے تاکہ سندھ متاثر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گڈو سے اوپر پنجاب کے علاقوں میں دریاؤں سے پمپ کرکے زبردستی پانی لیا جارہا ہے تاکہ سندھ میں پانی کا بحران پیدا ہو۔ وفاقی حکومت ایسی زیادتیاں کرکے سندھ کی عوام سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے سندھ کے ساتھ یہ زیادتیاں بند نہیں کیں تو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، گیس کی عدم فراہمی اور پانی کی کمی پر وفاقی حکومت کے خلاف سندھ کے ہرضلع میں عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے اور اس سلسلے میں ہفتے کو بدین میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور زیادتیوں کے خلاف احتجاجی جلسہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرکے وفاقی حکومت کو بتائیں گے کہ ہم آپ سے نہیں ڈرتے اور سندھ وفاق کی ان زیادتیوں کے خلاف مزید خاموش نہیں بیٹھے گا۔