پی سی بی معطل کھلاڑیوں کیخلاف شواہد آج ٹربیونل میں جمع کرائیگا

79

لاہور (جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل ہونے والے کرکٹرز شرجیل خان، خالد لطیف اور دیگر کے خلاف الزامات کی تفصیل اور شواہد پیش کرنے کیلئے ہوم ورک کو تقریبا حتمی شکل دیدی، اینٹی کرپشن یونٹ آج پی سی بی کے ٹربیونل کو ا سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف شواہد جمع کروائے گا، ا سپا ٹ فکسنگ کیس کی سماعت کیلئے جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں ایک ٹربیونل قائم کیا گیا ہے جس کے ارکان میں سابق چیئرمین پی سی بی جنرل (ر) توقیر ضیا ء اور سابق کپتان و منیجر وسیم باری بھی شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ آج کرکٹرز پر لگائے گئے الزامات کی تفصیل اور شواہد پیش کرے گا، ان میں کھلاڑیوں کے موبائل کا ڈیٹا، ویڈیو فوٹیج، ان کا ابتدائی بیان اور دیگر شواہد شامل ہیں، اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز شرجیل خان، خالد لطیف اور دیگر 5 مئی کو ٹربیونل کے روبرو دوبارہ پیش ہوں گے اور اپنا جواب جمع کروائیں گے جبکہ کرکٹرز کی جانب سے الزامات سے انکار پر پی سی بی اپنے موقف کے حق میں دلائل دے گا۔ کیس کی فائنل سماعت کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر مئی کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔