چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ (آج) جمعہ کو ایوان بالا میں آکر سندھ کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال پر ایوان کو اعتماد میں لیں

92

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ (آج) جمعہ کو ایوان بالا میں آکر سندھ کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال پر ایوان کو اعتماد میں لیں۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران عوامی اہمیت کے مختلف معاملات پر ارکان نے بات کی۔ سینیٹر صلاح الدین ترمذی نے چیئرمین سینیٹ کو بالاکوٹ سٹی کے حوالے سے معاملے کا نوٹس لینے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ناقص ادویات کے معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ چیئرمین اس پر رولنگ دیں۔ سسی پلیجو نے کہا کہ سندھ کو گیس دی جائے ورنہ گیس بند کردیں گے۔ شیری رحمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں آج جو ہوا تشویشناک ہے۔ سندھ کو یقین دہانیاں کرائی جاتی ہیں لیکن عمل نہیں کیا جاتا۔ ترکی کے میڈیکل اسکالر شپس پنجاب کو دے دیے گئے۔ سندھ میں احساس محرومی بڑھتا جارہا ہے۔ چیئرمین اس پر رولنگ دیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیرپیٹرولیم (آج) جمعہ کو ایوان میں آکر سندھ کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال کے بارے میں آگاہ کریں۔ سینیٹر میر کبیر احمد شاہی نے کہا کہ صوبوں کے جائز مطالبات پر توجہ دی جائے۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ کے پی کے کے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی۔ اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ کراچی کے شہریوں کو پانی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ہندوستان کو دوٹوک جواب دیا ہے۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ آصف زرداری کے جو دوست لاپتا کیے گئے ان کا پتا نہیں چلا ،اے این پی کے لوگ دھرنا دیے ہوئے ہیں کوئی ان سے بات نہیں کرنے گیا۔ چار لاکھ کارڈز بلاک کردیے گئے۔علاسہ ازیں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور زائد بلنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء پر پولیس کی فائرنگ اور لاٹھی چارج کے معاملے پر جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کی تحریک التواء پر غور موخر کردیا گیا۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر سراج الحق کی طرف سے اس معاملے پر تحریک التواء منظوری کے تعین کے لیے ایجنڈے پر تھی تاہم وہ ایوان میں موجود نہیں تھے اس لیے ان کی درخواست پر تحریک التواء پر غور موخر کردیا گیا۔