ڈی سی سینٹرل فٹ بال چمپئن شپ کے اوپن ڈراز کا اجراآج ہوگا

51

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کے زیر اہتمام ڈی سی سینٹرل فٹ بال چمپئن شپ کے اوپن ڈراز آج نکالے جائیں گے۔ سیکریٹری سینٹرل سلیم پٹنی کے مطابق چمپئن شپ میں 40ٹیمیں ناک آؤٹ کی بنیاد پر حصہ لیں گی۔ 10,10 ٹیموں کو 4 گروپ عبدالمجید خان، جان محمد جان، عارف رضا اور اطہر حسین میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گولڈن اسٹار فٹ بال گراؤنڈ لال مارکیٹ پر ہونے والے مقابلوں کو شاندار انداز میں منعقد کرنے کی تما م تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔ آج 8 بجے شب شریک ٹیموں کے نمائندوں کی موجودگی میں پٹنی جماعت خانہ، لال مارکیٹ نیوکراچی پر اوپن ڈراز ہوں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جملہ فٹبال کلبوں کے آفیشلز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ ڈی ایف اے سینٹرل کے صدر سید عثمان شاہ نے ٹورنامنٹ میں شریک جملہ فٹ بال کلبوں کو ہدایت کی ہے کہ اوپن ڈراز کی تقریب میں شرکت کرکے شفافیت کے عمل کا خود جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی سینٹرل چمپئن شپ ایک یادگار ایونٹ ہوگا جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا جس کی کامیابی کیلئے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جملہ فٹ بال کلبز ، ڈسٹرکٹ آفیشلز و دیگر فٹ بال سے محبت رکھنے والی شخصیات کا بھرپور تعاون ہمیں درکار ہوگا۔ ہمیں توقع ہے کہ ہم ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سب کے بھرپور تعاون سے فٹ بال کھیل کی رونقیں دوبارہ بحال کریں گے۔