کل بھوشن کی سزائے موت ، اقوام متحدہ کاتبصرے سے انکار

117

نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کو سنائی جانے والی سزائے موت پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ اس معاملے پر کوئی رائے قائم کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران بھارتی صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے پر کوئی رائے قائم کرنے کی پوزیشن میں نہیں،کل بھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارت اور پاکستان میں بڑھنے والی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔اسٹیفن ڈوجیرک کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات کو دیکھتے ہوئے ہم فریقین کو مذاکرات اور رابطے کے ذریعے پرامن حل تلاش کرنے کی تجویز دیتے ہیں اور دیتے رہیں گے۔