کوٹری (نمائندہ جسارت) کوٹری شہر اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر انتظامیہ نے تجاوزات اور قابضین کیخلاف آپریشن کاآغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جامشورو منور علی مہیسر کی ہدایات پر انسداد تجاوزات پولیس اور بلدیاتی عملے نے لیاقت روڈ پر برساتی نالے پر قائم تجاوزات کو مشینری کی مدد سے ہٹا نے کے لیے آپریشن کرتے ہوئے سرکاری وغیر سرکاری اداروں سمیت دکانوں کے سامنے تجاوزات کو ختم کردیا۔ اس موقع پر دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت خود تجاوزات ہٹانا شروع کردی تھیں جبکہ بعض دکانداروں نے کارروائی پر احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ پر انتقامی کارروائی کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے جبکہ بااثر افراد کی جگہوں کو مہندم کرنے سے گریز کیا ہے۔ واضح رہے کہ بلدیہ کوٹری نے لیاقت روڈ کوٹری پر برساتی نالہ پر قائم تجاوزات ختم کرنے کے لیے تقریباً دو سو سے زائد دکانداروں کو نوٹس دے دیے تھے جس پر مذکورہ کارروائی 6 ماہ بعد عمل میں لائی گئی ہے۔